پختونخوا کی جامعات میں نگراں دور کے دوران بھرتی 645 ملازمین کو فارغ کرنے کا حکم

صوبائی ‏محکمہ اعلیٰ تعلیم نے 10 روز میں جامعات کو 10 روز میں فارغ کرنے کا حکم دیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی

پشاور:

‏محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے نگراں دور میں بھرتی 645 ملازمین کو 10 روز میں فارغ کرنے کا حکم دیتے ہوئے جامعات سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

محکمہ اعلی تعلیم نے جامعات کو خیبر پختونخوا ریموول فرام سروس ایکٹ 2025 پر فوری اور مکمل عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دیں۔

نگراں دور کے دوران 18 جامعات میں 645 ملازمین بھرتی کیے گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ویمن یونیورسٹی مردان میں 140، زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان میں 120، بونیر یونیورسٹی میں 76، چترال یونیورسٹی میں 63، ملاکنڈ یونیورسٹی میں 54، یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں 34 اور باچا خان یونیورسٹی چارسدہ میں 33 ملازمین بھی بھرتی کیے گئے۔

انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز میں 32، سوات یونیورسٹی میں 22، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شیرینگل میں 15، بنوں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں 14، لکی مروت یونیورسٹی میں 11 اور عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں 9 ملازمین بھرتی ہوئے۔

شہداء آرمی پبلک اسکول یونیورسٹی نوشہرہ میں 8، ہری پور یونیورسٹی میں 6، پشاور یونیورسٹی میں 4 اور پاک آسٹریا ہری پور میں بھی 4 ملازمین بھرتی کیے گئے تھے۔

Load Next Story