ایف ڈبلیو او برفباری کے دوران زمینی راستے بحال رکھنے میں مصروف

پاکستان اور چین کے درمیان اہم زمینی راستہ خنجراب ٹاپ کو کامیابی سے کلیئر کردیا گیا

اسلام آباد:

شدید سرد موسم کے باوجود فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی ٹیمیں تجارتی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے اہم زمینی راستوں کو کلیئر رکھنے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایف ڈبلیو او نے پاکستان اور چین کے درمیان 15 ہزار 397 فٹ کی بلندی پر واقع نہایت اہم زمینی راستہ خنجراب ٹاپ کو کامیابی سے کلیئر کردیا، ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں جدید سنو کلیئرنس مشینری کی مدد سے منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک کے درجہ حرارت میں قراقرم ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھلا رکھے ہوئے ہیں۔

بھاری مشینری کے ذریعے بروقت برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام اور تجارتی قافلوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، سخت سرد موسم میں شاہراہوں کو کھلا رکھنا ایف ڈبلیو او کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

دشوار گزار پہاڑی راستوں کو ہر حال میں قابلِ آمد و رفت رکھنا نہ صرف عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ہے بلکہ پاک چین تجارت کے فروغ کی بھی ایک روشن مثال ہے اور قومی ترقی کے لیے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

Load Next Story