جنگ میں بھارت سے فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا، رضوان سعید شیخ

امریکا میں پاکستان کے سفیر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاک امریکا تعلقات اور شراکت داری میں مزید بہتری آئے گی

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر جو مقام اور وقار ملا ہے وہ پہلے کبھی نہیں ملا، اس کامیابی کے بعد پاکستان کا وقار عالمی سطح ہر بلند ہوا۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ گزشتہ برس پاک امریکا تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان متعدد سطحوں پر روابط قائم ہوئے جو باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا کریڈٹ ملکی قیادت کو جاتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل عرصے پر محیط شراکت داری موجود ہے اور امریکا میں پاکستان کی سفارت کاری مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاک امریکا تعلقات اور شراکت داری میں مزید بہتری آئے گی۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سلامتی کے لیے پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جبکہ پاک امریکا شراکت داری عالمی امن و استحکام کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے وقت میں مزید مستحکم ہوں گے۔

 

Load Next Story