فلکیاتی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والوں کیلیے خوشخبری ، نئے سال کا پہلا سُپر مون آج رات ہوگا
نئے سال کے آغاز پر فلکیاتی مظاہر سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے خوشخبری ہے کہ آج رات سال 2026 کا پہلا سُپر مون آسمان پر جلوہ گر ہوگا جس کے باعث پورا چاند معمول سے بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
پاکستان میں سُپر مون کا آغاز شام 5 بج کر 51 منٹ پر ہوگا۔ سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق یہ سُپر مون عام چاند کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد زیادہ بڑا دکھائی دے گا۔
یہ سُپر مون روایتی طور پر "وولف مون" کہلاتا ہے۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس کا سب سے خوبصورت اور دلکش منظر چاند کے طلوع کے وقت، رات کے ابتدائی حصے میں دیکھا جا سکے گا، جب چاند افق کے قریب ہوگا اور اس کی روشنی مزید نمایاں محسوس ہوگی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے سُپر مونز کے سلسلے کا آخری سُپر مون ہوگا جس کی وجہ سے فلکیات کے شوقین افراد میں خاصی دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق سُپر مون اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں زمین کے عام فاصلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ جاتا ہے۔ اس قربت کے باعث چاند نہ صرف سائز میں بڑا بلکہ روشنی میں بھی زیادہ چمکدار نظر آتا ہے جو آسمان پر ایک دلکش منظر پیش کرتا ہے۔