کراچی؛ مائی کلاچی روڈ پر مین ہول سے برآمد 4 لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹس آگئیں

پولیس ذرائع کے مطابق چاروں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں


شاہ میر خان January 03, 2026

کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے معاملے میں پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا۔

 پولیس ذرائع کے مطابق چاروں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں جبکہ جسموں پر بھاری چیز لگنے کے نشانات بھی پائے گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک بزرگ خاتون بھی شامل ہیں، تاہم تاحال چاروں لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

 ابتدائی تحقیقات کے مطابق لاشوں کو چھپانے کے لیے ایک خشک مین ہول میں رکھا گیا تھا، جہاں لاشوں کے اوپر کمبل ڈالا گیا اور کمبل کے اوپر بڑے پتھر رکھے گئے تھے تاکہ انہیں چھپایا جا سکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ قریبی علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

ایدھی حکام کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم کے بعد چاروں لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت اور واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات تیز کر دی گئی ہیں۔

مقبول خبریں