کراچی کا پیسہ کراچی پر لگایا جا رہا ہے، پیپلزپارٹی ہی عوام کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے، شرجیل میمن

حقائق کے منافی، نفرت پر مبنی بیانات اور سوشل میڈیا کے سستے نعروں سے تاریخ نہیں بدلی جا سکتی، سینئر صوبائی وزیر

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حقائق کے منافی، نفرت پر مبنی بیانات اور سوشل میڈیا کے سستے نعروں سے تاریخ نہیں بدلی جا سکتی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل سے پیپلز پارٹی نہ کبھی غافل رہی ہے اور نہ آج ہے، پانی، سیوریج، سڑکیں اور انفرااسٹرکچر وہ مسائل ہیں جنہیں سابقہ نام نہاد شہری حکومتوں کی دہائیوں کی غفلت نے جنم دیا۔ 

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عملی اقدامات کے ذریعے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ رہی ہے، کے فور، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بس سروسز، اور بڑے ترقیاتی منصوبے مسلسل حکومتی کاوشوں کا ثبوت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھا ہے، کراچی کا پیسہ کراچی پر لگایا جا رہا ہے، سندھ کے سرکاری اسپتال نہ صرف جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ ان کا ماڈل دیگر صوبوں کے لیے مثال بن رہا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق کی مضبوطی، صوبائی خودمختاری اور عوامی فلاح کو مقدم رکھا ہے، سندھ کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ کون ان کی خدمت کر رہا ہے اور کون محض بیانات کی سیاست کے ذریعے اپنی ناکامیاں چھپا رہا ہے۔

Load Next Story