سپریم کورٹ اجلاس، ٹیکس تنازعات نمٹانے کیلئے مستقل ادارہ جاتی فریم ورک پر تبادلہ خیال

فریم ورک کا مقصد عدالتی مقدمات کے بوجھ میں کمی، قانونی یقین دہانی میں اضافہ اور عوامی محاصل کا تحفظ یقینی بنانا ہے


جہانزیب عباسی January 03, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں طویل عرصے سے زیر التوا اور زیادہ مالیت کے ٹیکس تنازعات سے نمٹنے کے لیے ایک مستقل اور ادارہ جاتی فریم ورک تشکیل دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، ممبر لیگل ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں طویل عرصے سے زیر التوا اور زیادہ مالیت کے ٹیکس تنازعات سے نمٹنے کے لیے ایک مستقل اور ادارہ جاتی فریم ورک تشکیل دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے فریم ورک تشکیل دینے کا مقصد عدالتی مقدمات کے بوجھ میں کمی، قانونی یقین دہانی میں اضافہ اور عوامی محاصل کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ طویل ٹیکس مقدمہ بازی نہ صرف مالی گنجائش کو محدود کرتی ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد اور معاشی استحکام کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

چیف جسٹس نے بروقت انصاف، موثریت اور پیش بینی کو فروغ دینے والی اصلاحات کی حمایت کے لیے عدلیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں اصلاحات کے لیے براہ راست قومی معیشت کو متاثر کرنے والے معاملات کے لیے عدلیہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا، اہم اور بڑے مالی اثرات رکھنے والے ٹیکس مقدمات کو ترجیح دینا اور تیزی کے ساتھ نمٹانے کے لیے اہم اصلاحاتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

چیف جسٹس کی زیرصدارت اجلاس میں ٹیکس حکام اور نظام انصاف کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی، قانونی تیاری اور مقدمات کے نظم و نسق کو مضبوط بنانا کے لیے غور کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں فیصلوں میں یکسانیت اور تیزی یقینی بنانے کے لیے طریقہ کار اور ادارہ جاتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اصلاحاتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اجلاس انصاف کے شعبے میں وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد گورننس میں بہتری، نظامی تاخیر میں کمی اور عدالتی عمل کو ملک کی معاشی اور ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

مقبول خبریں