صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر کو بھی دھمکی دے دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز کو کھل کر دھمکی دے دی ہے کہ اگر انہوں نے درست کام نہ کیا تو مادورو سے بھی زیادہ بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
ٹرمپ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روڈریگیز اگر امریکا کے ساتھ تعاون نہ کریں تو ان کا انجام مادورو سے بھی بدتر ہوگا جو اس وقت نیویارک کی جیل میں منشیات اور دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ دھمکی اس وقت آئی جب روڈریگیز نے ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے مادورو کو وینزویلا کا واحد صدر قرار دیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے امریکی فوجی کارروائی کو وحشیانہ حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کبھی کسی کی کالونی نہیں بنے گا اور ملک کے قدرتی وسائل کا دفاع کیا جائے گا۔ روڈریگیز نے فوج اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مادورو کی واپسی تک متحد رہیں۔
واضح رہے کہ امریکی خصوصی دستوں نے گزشتہ روز کاراکاس پر حملہ کر کے مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کر دیا تھا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اب وینزویلا کو چلائے گا جب تک امن بحال نہ ہو جائے، اور ملک کے تیل کے ذخائر کو دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔
تاہم روڈریگیز کی عدالت کی منظوری سے عبوری صدارت سنبھالنے کے بعد صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔