پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں، بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند
(فوٹو ائل)
پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم حق خودارادیت منا رہے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر یومِ حقِ خودارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کو یاد دلانا ہے کہ بھارتی غاصبیت کی وجہ سے کشمیری عوام کو آج تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں دیا جا سکا۔
یوم حق خودارادیت کے موقع پر ملک بھر کے علاوہ کئی ممالک میں مختلف تقریبات، ریلیوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آزادی چوک پر رات گئے مشعل بردار ریلی نکالی گئی، جس میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ شرکا نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
صدر مملکت آصف زرداری کا پیغام
یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد 7 دہائیوں بعد بھی جاری ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی مؤثر اور قابلِ عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیریوں کو حقِ رائے دہی سے محروم رکھنا بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی آزادیوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں، جبری قوانین، طویل قید و بند اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں خوف کی فضا کو مزید گہرا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام شہری تشدد اور بے گھری کا شکار ہیں۔ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا خطے کے امن کے لیے خطرناک رجحان ہے۔
آصف زرداری نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو عالمی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے نکلنے والے دریاؤں پر کنٹرول خطے کے استحکام کے لیے سنگین چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر طاقت کے بجائے مذاکرات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا دارومدار اسی حل پر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے اس دن تاریخی قرارداد منظور کی تھی، جس کے تحت ریاستِ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی قبضے کے باعث یہ عہد آج تک پورا نہ ہو سکا ، جس کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جبر و تشدد کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کا عزم کمزور نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کرے۔