امریکی گلوکارہ کی قرآنی تلاوت نے سب کو مسحور کردیا، ویڈیو وائرل

جینیفر کی آواز میں قرآن کی تلاوت کو نہ صرف فن بلکہ خلوص اور عقیدت کا امتزاج قرار دیا جا رہا ہے

امریکا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ جینیفر گروٹ ایک بار پھر عالمی توجہ حاصل کررہی ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کی موسیقی نہیں بلکہ ان کی پُرسوز اور متاثر کن قرآنی تلاوت ہے، جس نے دنیا بھر کے ناظرین کو حیرت اور عقیدت میں مبتلا کردیا ہے۔

عرب دنیا میں کلاسیکی عربی موسیقی کی ماہر کے طور پر پہچانی جانے والی جینیفر گروٹ کی یہ روحانی پیشکش سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق جینیفر گروٹ نے 2013 میں اسلام قبول کیا تھا، جس کے بعد ان کی زندگی اور فن میں ایک نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے نہ صرف قرآن پاک کی تلاوت سیکھنے پر خصوصی توجہ دی بلکہ اپنی خوبصورت آواز میں قرآنی آیات کی تلاوت ریکارڈ کرکے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا بھی شروع کردیا، جسے دنیا بھر میں غیر معمولی پذیرائی ملی۔

جینیفر گروٹ کو عرب دنیا میں خاص شہرت اس وقت ملی جب وہ 2013 میں ’عرب گوٹ ٹیلنٹ‘ کے سیزن میں فائنلسٹ کے طور پر سامنے آئیں۔ حیران کن بات یہ تھی کہ عربی زبان سے ناواقف ہونے کے باوجود انہوں نے امِ کلثوم جیسی عظیم کلاسیکی عربی گلوکارہ کے گیت نہایت مہارت اور جذبات کے ساتھ پیش کیے، جس نے ججوں اور ناظرین دونوں کو متاثر کردیا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی قرآنی تلاوتیں مسلمانوں کےلیے روحانی سکون کا ذریعہ بن رہی ہیں، جبکہ غیر مسلم ناظرین بھی ان کی تلاوت کو احترام، تجسس اور روحانی حسن کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ ان کی آواز میں قرآن کی تلاوت کو نہ صرف فن بلکہ خلوص اور عقیدت کا امتزاج قرار دیا جا رہا ہے۔

جینیفر گروٹ کی یہ انوکھی پہچان، جس میں موسیقی سے محبت اور اسلامی روحانیت کا حسین امتزاج شامل ہے، انہیں عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلا چکی ہے۔ ان کی زندگی کی کہانی عربی ثقافت، موسیقی اور اسلام کے عالمی پیغام کی ایک خوبصورت مثال بن کر سامنے آ رہی ہے۔

Load Next Story