کراچی میں پہلے ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر کا افتتاح

بیماری سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن اور پرائمری کیئر پر بھی توجہ دینا ضروری ہے، وزیر صحت

کراچی میں وفاقی وزیر صحت نے پہلا ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر افتتاح کردیا۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے فیڈرل گورنمنٹ ڈسپینسری سول ایوی ایشن میں شہر کے پہلے ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر کا افتتاح کیا ہے۔ اس سینٹر کے ذریعے مریضوں کا علاج جدید ٹیلی میڈیسن کے ذریعے ممکن ہوگا، جس میں بیرونِ ملک موجود ڈاکٹر لائیو ویڈیو کال کے ذریعے مریضوں کا معائنہ کر سکیں گے۔

سینٹر میں آنے والے مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ یہ سہولت خاص طور پر چھاتی، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر جیسے پیچیدہ امراض کے مریضوں کے لیے اہم ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اسپتالوں میں رش کم کرنا اور عوام کو گھر کے قریب معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ پاکستان اب مریض بنانے کی فیکٹری مین تبدیل ہوچکا ہے، جہاں لوگ معمولی بیماری کے لیے بھی بڑے اسپتالوں کا رخ کرتے ہیں، جس سے نظام پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے۔ اسی لیے حکومت بنیادی صحت کے مراکز کو مضبوط بنا رہی ہے تاکہ عوام گھر کے قریب معیاری علاج حاصل کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کراچی کا پہلا ڈیجیٹل ہیلتھ سینٹر ہے اور مستقبل میں پورے ملک میں مزید ایسے سینٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ ہر شہری کو فوری اور معیاری علاج میسر ہو۔

وزیر صحت نے زور دیا کہ بیماری سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن اور پرائمری کیئر پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ گزشتہ روز ایک منصوبے پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت اسلام آباد میں چھاتی، جگر اور پھیپھڑوں کے کینسر کے 745 مریضوں کو 98 لاکھ روپے مالیت کی ادویات فراہم کی جائیں گی۔

Load Next Story