اسلام آباد؛ شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا، دلہا دلہن سمیت 8افراد جاں بحق
اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچ گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے بتایا کہ سلنڈر دھماکا شادی والے گھر میں ہوا جبکہ مہمان بھی گھر میں موجود تھے، جاں بحق افراد میں دلہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی وجہ سے مجموعی طور پر 4 گھر متاثر ہوئے۔
انہوں ںے بتایا کہ گھروں سے مجموعی طور پر 19 افراد کو باہر نکالا گیا، ریسکیو کیے گئے 19 افراد میں سے 8 افراد جاں بحق ہوئے۔ دھماکے کی وجہ سے دیگر 11 زخمی افراد کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے بعد پمز اسپتال میں الرٹ جاری کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبعی امداد دی جا رہی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق خود موقع پر موجود ہیں اور جاری ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسران بھی ڈی آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔
پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں، علاقے کو مکمل طور پر کارڈن آف کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سلنڈر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ صحت، سیکریٹری صحت اور پمز انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور رخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
پمز انتظامیہ کے مطابق فوت ہونے والے تمام افراد کی شناخت ہو چکی ہے، سنیل جاوید کی میت کو ٹینچ بھاٹہ ان کے گھر میں منتقل کر دیا گیا جبکہ پانچ میتوں کو سرد خانہ منتقل کیا جائے گا۔
پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کا گھر دھماکے میں تباہ ہوگیا ہے اس لیے میتیں منتقل نہیں کر رہے، میتوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر کاغذی کارروائی مکمل کر کے لاشیں سرد خانے منتقل کی جائے گی۔
میتیں کب وصول کرنی ہے، پوسٹ مارٹم کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ لواحقین کریں گے۔