سی ٹی ڈی کی خیبر پختونخوا میں کامیاب کارروائیاں، 2 اہم کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں بڑے دہشتگردی منصوبے ناکام ہوگئے

سی ٹی ڈی نے 24 گھنٹوں کے دوران پشاور ، خیبر ، بنوں میں آپریشن کرتے ہوئے  2 اہم کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد ہلاک کردیے۔

سی ٹی ڈی  نے کہا کہ پشاور اور خیبر میں سی ٹی ڈی نے بڑی کامیاب کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کے 6 خطرناک دہشتگرد ہلاک کردیے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ سی ٹی ڈی کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں بڑے دہشتگردی منصوبے ناکام ہوگئے۔

سی ٹی ڈی  نے کہا کہ پشاور میں خفیہ اطلاع پر  قبرستان کے قریب 3 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، جمرود میں پولیس پر حملے کی تیاری ناکام کی گئی،بروقت کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

بنوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں سہیل عرف سنگری اور اسماعیل عرف عثمان ہلاک ہوگئے جو اہم کمانڈرز تھے، ہلاک دہشتگرد پولیس چیک پوسٹس، ریسکیو 1122 عمارت پر آئی ای ڈی حملوں میں ملوث تھے، دہشتگردوں سے اسلحہ، شناختی کارڈز اور ٹی ٹی پی کا کارڈ برآمد کیا گیا، سرچ آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب بنوں پولیس نے پوسٹ نالہ کاشو پر فتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کی تو دہشتگرد رات کی تاریکی میں فرار  ہوگئے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کے منصوبے ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور  سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ  سی ٹی ڈی کے سپوتوں نے کامیاب آپریشنز کر کے 2 انتہائی مطلوب کمانڈرز سمیت 8 خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، آپریشنز میں حصہ لینے والے سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو سلام، خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کا صفایا کرنے میں سی ٹی ڈی کا کردار قابل ستائش ہے۔

Load Next Story