جماعت اسلامی کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی، لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کسی بھی انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی اور اپنی سیاست آزادانہ بنیادوں پر جاری رکھے گی۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ’’بدل دو نظام‘‘ کوئی نعرہ نہیں بلکہ ایک منظم تحریک کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں اور خواتین کی رہائی ہونی چاہیے کیونکہ سزاؤں سے ملک میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کو بند گلی سے نکالنے کے لیے قومی قیادت کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا اور ملک میں سیاسی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہر جماعت کو جلسوں اور سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دینی جماعتیں ہمیشہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی قابلِ اعتماد پشتیبان رہی ہیں اور ان مظلوم اقوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ تمام مسالک اور مکاتبِ فکر کے علما اور قیادت کا ملی یکجہتی کونسل کے 17 نکاتی ضابطۂ اخلاق پر مکمل اتفاق ہے، جو قومی ہم آہنگی کی مضبوط بنیاد ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بدامنی، دہشت گردی اور ہر خونی واردات کے پیچھے امریکا، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ کارفرما ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے قومی معیشت کے ہولناک مگر دلربا حقائق کی نشاندہی کی ہے، جس سے موجودہ معاشی صورتحال کی سنگینی واضح ہوتی ہے۔