جاوید بٹ قتل کیس میں ملزم امیر فتح کی عبوری ضمانت منظور
لاہور ہائیکورٹ نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ قتل کیس میں نامزد ملزم امیر فتح کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
جسٹس امجد رفیق نے درخواست پر سماعت کی، عدالت نے پولیس کو 22 جنوری تک ملزم امیر فتح کو گرفتار کرنے سے روک دیا، عدالت نے ائندہ سماعت پر تفتیش سے متعلق رپورٹ بھی طلب کرلی۔
امیر فتح نے وکیل عابد ساقی کی وساطت سے عبوری ضمانت دائر کررکھی ہے جس میں پنجاب پولیس سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سیشن کورٹ نے حقائق کے برعکس درخواست گزار کی ضمانت خارج کی۔ درخواست گزار کا جاوید بٹ کے قتل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزار شامل تفتیش ہونے اور مکمل تعاون کے لیے تیار ہے، عدالت درخواست گزار کی ضمانت منظور کرے۔
قبل ازیں سماعت کے دوران جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ملزم امیر فتح کہاں ہے جس پر ملزم کے وکیل نے بتایا کہ ملزم عدالت کے اطراف میں ہے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جسٹس امجد رفیق نے کہا میرے لیے کیا حکم ہے میں باہر چلا جاؤں؟ وکیل عابد ساقی نے کہا کہ میں تو اپنا قانونی حق استعمال کرنا چاہتا ہوں
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ میں کیسے مان لو انکو کسی نے روکا ہوا ہے جس پر ملزم کے وکیل نے کہا کورٹ روم میں صحافی کھڑے ہیں ان سے پوچھیں باہر کتنی پولیس لگی ہے۔
عدالت نے ایس پی سکیورٹی کو امیر فتح ہو پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ ایس پی سکیورٹی ملزم کو کورٹ روم میں لیکر آئیں۔