طالبان حکومت نے پہلی مرتبہ بھارت میں اپنا اعلیٰ سفارتی نمائندہ مقرر کر دیا

افغان سفارت خانے کے مطابق نور احمد نور نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بھارتی حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں

افغانستان میں طالبان حکومت نے پہلی مرتبہ بھارت میں اپنا اعلیٰ سفارتی نمائندہ مقرر کر دیا ہے۔

طالبان کی جانب سے نور احمد نور کو نئی دہلی میں افغان سفارت خانے کا ناظم الامور (Charge d’Affaires) مقرر کیا گیا ہے، جو 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت میں تعینات ہونے والے پہلے سینئر طالبان عہدیدار ہیں۔

اگرچہ بھارت نے اب تک طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم اس تقرری کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارت اس پیش رفت کو اسلام آباد اور کابل کے درمیان موجود اختلافات کے تناظر میں ایک سفارتی موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

افغان سفارت خانے کے مطابق نور احمد نور نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بھارتی حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے افغانستان اور بھارت کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

افغان سفارت خانے نے نور احمد نور کی بھارتی وزارتِ خارجہ کے سینئر عہدیدار آنند پرکاش کے ساتھ ایک تصویر بھی جاری کی، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ

Load Next Story