اسٹیل مل سے قیمتی دھاتوں کی چوری میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب، پولیس کی پشت پناہی کا انکشاف
فوٹو: پولیس حکام
بن قاسم پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اسٹیل مل سے قیمتی دھاتوں کی چوری میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا اورنیٹ پولیس اہلکارون کی پشت پناہی میں چلنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران اسٹیل مل سے تانبہ اور دیگر قیمتی دھاتیں چوری کرنے والا اسکریپ ڈیلرعمیر ناصر رند کو گرفتار کرلیا اور تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم کی پشت پناہی تھانہ بن قاسم میں تعینات تین پولیس اہلکار کر رہے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار چوروں کو اسٹیل مل سے چوری کی سہولت فراہم کرتے تھے، ملوث پولیس اہلکاروں میں کانسٹیبل منصور، اشفاق اور اسامہ شامل ہیں اور گرفتار ملزم عمیر رند چوری شدہ اسکریپ، کاپر کیبل اور لوہے کی خرید و فروخت میں ملوث رہا۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزم چوری شدہ اسکریپ کو گاڑی کے ذریعے فروخت کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے 150 کلو گرام چوری شدہ کاپر کیبل اور گاڑی برآمد ہوئی ہے۔
بن قاسم پولیس نے ملزم اور تینوں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔