خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں کا اختیارات نہ دینے پر اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا عندیہ

صوبائی حکومت کے وزیر نے ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو اگلے ہفتے وزیراعلیٰ سے ملاقات اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی


ویب ڈیسک January 15, 2026

بلدیاتی کونسلز ایسوسی ایشن نے اختیارات نہ دینے پر خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج کیا جبکہ 26 جنوری تک مسائل حل نہ ہونے پر اسمبلی کے سامنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ چار سال سے مفلوج بلدیاتی نظام کے فعالیت، بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز و اختیارات عدم فراہمی، صوبائی حکومت کیطرف سے بار بار حل طلب مسائل میں عدم دلچسپی کیخلاف لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی کال پر بھرپور پرامن احتجاج کیا گیا۔

احتجاج صدر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا میئر مردان حمایت اللہ مایار کی قیادت میں کیا گیا۔ جس میں صوبہ بھر سے بلدیاتی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ 

احتجاج سے اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ایسوسی ایشن حمایت اللہ مایار، ترجمان ایسوسی ایشن تحصیل چئیرمین عزیز اللہ مروت، عادل خان تحصیل لاہور صوابی، ارباب وصال پشاور، غیور علی خٹک پبی نوشہرہ، فرہاد مروت، رفیع اللہ دیر بالا، مولنا نیک محمد درویش، تیمور کمال پبی، ضیاء الرحمن، مولانا انور باچا، ملک عمران دیر بالا، ماصل خان پشاور و دیگر نے شرکت کی۔

مقررین نے مقامی حکومتوں کے حل طلب مسائل اور گزشتہ چار سالوں سے صوبائی حکومت کیطرف سے مقامی حکومتوں کے مسائل میں عدم دلچسپی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی تاریخ میں بلدیاتی نظام کیساتھ ایسا بدترین ناروا ظلم نہیں ہوا جتنا موجودہ دور میں ہورہا ہے۔ 

احتجاج کے دوران صوبائی حکومت کی پیشکش پر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن کیطرف سے مذاکراتی کمیٹی ترجمان ایسوسی ایشن عزیز اللہ مروت کی سربراہی میں جن میں رفیع اللہ، عادل خان، غیور خٹک، فرہاد مروت، ارباب وصال، ضیاء الرحمن و دیگر شامل تھےْ

مذاکراتی کمیٹی کا وزیر بلدیات مینا خان آفریدی، سکٹریری بلدیات سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں وزیر بلدیات نے لوکل کونسلز ایسوسی ایشن کو اگلے ہفتہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات و مذاکرات کی پیشکش کی۔ 

کوارڈینیٹر لوکل کونسلز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا انتظار علی خلیل کے مطابق لوکل کونسلز ایسوسی ایشن نے مشاورت سے  صوبائی صدر حمایت اللہ مایار کا اعلان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر 25 جنوری تک بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات پر عملی عمل درآمد نہیں ہوا تو خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندے 26 جنوری سے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے احتجاج دھرنا شروع کرینگے جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہیگا۔

مقبول خبریں