اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو 2 فروری تک درختوں کی کٹائی سے روک دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کو 2 فروری تک درختوں کی کٹائی سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو نے 4 صفحات کا تحریری حکم جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے سمیت دیگر فریقین 2 فروری تک اسلام آباد میں کوئی درخت نا کاٹیں۔
سی ڈی اے ، وزرات موسمیاتی تبدیلی اور انوئر مینٹل ایجنسی کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر فریقین تفصیلی جواب آئندہ سماعت تک جمع کرائیں۔
حکم نامہ میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے بتایا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی میں درخت کاٹے جا رہے ہیں۔ درخواست گزار کے مطابق اسلام آباد وائلڈ لائف آرڈیننس اور ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق سی ڈی اے حکام نے ابھی تک نہیں بتایا ہزاروں درخت کاٹنے کی وجہ کیا تھی۔