پاکستان کی زخمی خاتون اسکواش کھلاڑی سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آگئی
پاکستان کی خاتون اسکواش کھلاڑی مہوش علی کی حالت میں تیزی سے بہتری آنے لگی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیک جونیئر اوپن اسکواش ٹورنامنٹ 2026 کے سیمی فائنل میں حریف کھلاڑی سے ٹکرا کر شدید زخمی ہونے والی مہوش علی پراگ کے مقامی اسپتال زیر علاج ہیں۔
قومی جونیئر ویمن کھلاڑی کے والد اور کوچ عارف علی کے مطابق آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج مہوش علی نے ہوش میں آنے کے بعد بات چیت کی۔
عارف علی نے دعاؤں میں یاد رکھتے پر قوم کا شکریہ اداکیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے جونیئر گولڈ سرکٹ میں پاکستان کی علی سسٹرز میں سب سے بڑی مہوش علی گرلز انڈر 17 ایونٹ کے سیمی فائنل میں حریف سے ٹکرا کر زخمی ہوگئی تھیں۔
دوسری جانب پشاور سے تعلق رکھنے والی علی سسٹرز میں سب سے چھوٹی ماہنور علی نے گرلز انڈر15 ایونٹ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
ماہنور علی نے سیڈ 2 چیک کھلاڑی جوہاناری ہاکوا کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کر کے اپنی منجھلی بہن سحرش علی کی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔
تاہم سیمی فائنل میں چیک کھلاڑی سے ہار جانے والی سحرش علی نے اپنی حریف یپلیاس کو 0-3 سے قابو کرکے تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل حاصل کرلیا۔