اننت امبانی کی 13 کروڑ سے زائد مالیت کی گھڑی میں خاص کیا ہے؟

یہ گھڑی نہ صرف اپنی بھاری قیمت بلکہ منفرد ڈیزائن کے باعث بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے

دنیا کی لگژری گھڑیوں میں ایک اور حیران کن اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں نیویارک کی معروف کمپنی جیکب اینڈ کمپنی نے بھارتی صنعتکار اننت امبانی کے لیے ایک خصوصی گھڑی تیار کی ہے۔

اننت امبانی کےلیے تیار کی گئی اس خاص گھڑی کی قیمت تقریباً ڈیڑھ ملین ڈالر یعنی پاکستانی روپوں میں تیرہ کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ یہ گھڑی نہ صرف اپنی بھاری قیمت بلکہ منفرد ڈیزائن اور تفصیلات کے باعث بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

اس خاص ٹائم پیس کو Opera Vantara Green Camo کا نام دیا گیا ہے۔ گھڑی کے ڈائل پر نیلے رنگ کی شرٹ پہنے اننت امبانی کا ننھا مجسمہ نصب ہے، جس کے ساتھ ایک شیر اور بنگال ٹائیگر کا خوبصورت ننھا مجسمہ بھی دکھائی دیتا ہے۔ یہ تمام ترتیب اننت امبانی کے جانوروں کے تحفظ کے منصوبے ونتارا سے متاثر ہے، جو انہوں نے 2024 میں گجرات کے شہر جام نگر میں تین ہزار ایکڑ رقبے پر قائم کیا تھا۔

گھڑی کا سبز کیموفلاج انداز اسے اور بھی منفرد بناتا ہے۔ 18 قیراط سفید سونے کے کیس میں تیار کی گئی اس گھڑی میں 397 قیمتی پتھر جڑے گئے ہیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً 21.98 قیراط بتایا جاتا ہے۔ قیمتی جواہرات اور باریک کاریگری نے اسے واقعی ایک نایاب شاہکار بنادیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گھڑی نہ صرف لگژری اور فنکارانہ مہارت کی علامت سمجھی جا رہی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر اس کی بے مثال شان و شوکت پر چٹکلے بھی لیے جارہے ہیں۔ کچھ صارفین نے اسے تحفظِ ماحول کے پیغام کے ساتھ شاہانہ انداز میں پیش کرنے پر حیرت کا اظہار کیا، تو کچھ نے اسے دنیا کی مہنگی ترین گھڑیوں میں شامل ہونے کے قابل قرار دیا۔

قیمت، ڈیزائن اور مقصد، تینوں کو یکجا کرنے والی یہ گھڑی اس وقت خبروں میں خاصی جگہ بنا چکی ہے اور لگژری اشیا کے شوقین افراد کے لیے گفتگو کا نیا موضوع بن گئی ہے۔
 

Load Next Story