کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 9 رکنی ڈکیت گینگ کے 6 ملزمان ہلاک

مارے جانے والے ڈکیت ہاؤس رابری، ڈکیتی کی وارداتوں اور شہریوں سے رقم چھیننے کے واقعات میں ملوث اور مطلوب تھے

فوٹو: فائل

شہر قائد کے علاقے پاک کالونی پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران 9 رکنی افغان گینگ سے تعلق رکھنے والے 6 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، مقابلے میں پولیس کے چوکی انچارج سمیت 2 اہلکار زخمی ہوئے۔

ترجمان ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس کے مطابق مقابلہ پاک کالونی کے علاقے حسرت موہانی کالونی کے قریب ہوا جبکہ مارے جانے والے 6 افغان ڈاکوؤں کی شناخت نقیب اللہ، عبدالباری، اللہ داد اور محبیب اللہ، 30 سالہ حبیب اللہ، 30 سالہ وزیر کے ناموں سے ہوئی۔

ترجمان کے مطابق مارے جانے والے افغان ڈاکو 3 مقتولین بھائیوں کے قتل میں ملوث تھے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے چوکی انچارج جان شیر اور ایک پولیس اہلکار بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق کیماڑی ہارون آباد میں 20 جنوری 2025 کو انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا تھا جس میں ملزمان نے گھر میں گھس کر سگے بھائیوں اسد اللہ ، سمیع اللہ اور اکرم اللہ کو قتل جبکہ 2 افراد امیر عبداللہ اور شفیع اللہ کو زخمی کیا تھا۔

ڈاکوؤں کا گروہ گھروں میں گھس کر ڈکیتیاں، اسٹریٹ کرائم اور شہریوں سے رقم چھیننے کی وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ مارے جانے والے ڈاکوؤں پر ڈکیتی ، اقدام قتل ، پولیس پر فائرنگ اور اسلحے کے مقدمات درج ہیں۔

مذکورہ افغان ڈکیت گروہ کے دیگر 2 ملزمان ولی اور حیات پاک کالونی پولیس کے ہاتھوں پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں، ہلاک ڈاکوؤں کا گروہ ماڑی پور میں ہاؤس رابری کی واردات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا جہاں سے ڈاکوؤں نے ایک کروڑ سے زائد رقم ، موبائل فون اور طلائی زیوارات لوٹے تھے۔

واقعے کا مقدمہ ماڑی پور تھانے میں درج ہوا تھا۔

پولیس نے جائے وقوعہ پر قانونی کارروائی کے بعد ہلاک ہونے والے 6 ڈاکوؤں کی لاشوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی نے بروقت کارروائی پر پاک کالونی پولیس کو شاباش دی ہے۔

Load Next Story