معروف کاروباری شخصیت کا گل پلازہ متاثرین کیلئے قرض کا اعلان

’یہ شہر کبھی بھیک نہیں مانگتا، اسی لیے گورنر سے قرض کی درخواست کی‘

پاکستان کی معروف کاروباری شخصیت اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا جس پر صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں رات تقریباً 10:30 بجے آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کو چاروں طرف سے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

علاوہ ازیں، گل پلازہ کی تمام 1200 دکانیں، عمارت اور ان میں موجود سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو چکا ہے جب کہ لوگ اب بھی اپنے پیاروں کی باقیات کی تلاش میں ہیں اور آئے روز دل دہلا دینے والی کہانیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

گزشتہ روزپی ایس ایل فرنچائز کراچی کنگز کے مالک اور نجی ٹی وی چینل کے سی ای او سلمان اقبال کی جانب سے گل پلازہ کے متاثرین کے لیے قرض کا اعلان کیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ گل پلازہ کا سانحہ تمام پاکستانیوں کا سانحہ ہے، اور سانحہ میں اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے، میں نے خود کئی خواتین سے ملاقاتیں کی جو اپنے کاروبار کے ذریعےاپنے گھروں کو چلا رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے گورنر سندھ سے بات کی ہے کہ متاثرین کو 5 سے 6 ارب روپے کا قرض دیا جائے جب کہ میں نے گرانٹ کے بجائے قرض کی بات اس لیے کی کیونکہ یہ شہر کبھی بھیک نہیں مانگتا، اسی لیے قرض کی درخواست کی۔

دوسری جانب، سلمان اقبال کے بیان پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین کا ماننا ہے کہ اتنے بڑے جانی ومالی نقصان کے بعد کسی قسم کی گرانٹ کے بجائے قرض کی پیشکش کیوں کی جارہی ہے۔

ایک صارف نے لکھا ہے کہ یہ رقم اپنے پاس رکھیں، آپ اس نقصان کا تصور بھی نہیں کر سکتے، کیونکہ یہ نقصان کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

ایک اور نے لکھا کہ ’قرض کا مطلب ہے کہ آپ دگنی رقم وصول کریں گے‘۔

ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ ’کیا واقعی اس بحران کے وقت وہ قرض کی پیشکش کر رہے ہیں‘َ؟

Load Next Story