کراچی؛ بھینس کالونی میں زمین کی کھدائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد
فوٹو: پولیس
سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں زمین کی کھدائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولیوں سمیت دیگر سامان برآمد ہوا۔
قائم مقام ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر زبیر نذیر نے بتایا کہ بھینس کالونی میں قائم ایک پلاٹ پر کام کے دوران مالک کی جانب سے کی جانے والی کھدائی کے دوران کچھ اسلحہ دکھائی دیا جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوع کو سیل کیا، کھدائی کے دوران پرانا زنگ آلود اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں اور اس حوالے سے مزید کھدائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کھدائی کے دوران برآمد کیے جانے والے اسلحے میں ایک ایس ایم جی بمعہ 2 میگزین، ایم 16 رائفل بمعہ میگزین، ایس ایم جی 9 ایم ایم(Gepard ماڈل) بمعہ میگزین، جرمن ایم پی فور ایس ایم جی 9 ایم ایم بمعہ 2 میگزین، جرمن پستول بمعہ میگزین، ایک پستول بمعہ میگزین، 8 ایم ایم میگزین، 149 ایس ایم جی کارتوس، 44 کارتوس 3 بور ، 4 کارتوس ریپیٹر گن، ڈرم میگزین بمعہ 2 کارتوس، 19 راؤنڈ 8 ایم ایم اور ایک چھری ملی ہے۔
زبیر نذیر نے بتایا کہ برآمد کیے جانے والا اسلحہ فارنزک لیبارٹری بھیجوایا جا رہا ہے جبکہ اسلحہ زمین میں کس نے اور کب دفن کیا تھا اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ بھی درج کیا جا رہا ہے۔