کیئر اسٹارمر کی تنقید کے بعد ٹرمپ نے یوٹرن لے لیا، برطانوی فوجیوں کی کھل کر تعریف
برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر کی تنقید کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں برطانوی فوجیوں سے متعلق اپنے بیان میں تبدیلی کر دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے تازہ بیان میں برطانوی فوجیوں کو عظیم اور بہادر قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے فوجی ہمیشہ امریکا کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ افغانستان میں جنگ کے دوران 457 برطانوی فوجی مارے گئے یا شدید زخمی ہوئے، اور وہ دنیا کے بہترین جنگجوؤں میں شامل تھے۔ صدر ٹرمپ کے مطابق امریکا اور برطانیہ کے درمیان فوجی تعلق ایسا مضبوط بندھن ہے جو کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا برطانوی فوجیوں سے محبت کرتا ہے اور آئندہ بھی یہ احترام برقرار رہے گا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ برطانوی فوجیوں کا کوئی ثانی نہیں، سوائے امریکا کے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف جنگ کے دوران برطانوی فوجی فرنٹ لائن پر موجود نہیں تھے۔
اس بیان پر برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے توہین آمیز قرار دیا اور امریکی صدر سے معافی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنا مؤقف تبدیل کیا۔