امریکی کوہ پیما نے 101 منزلہ عمارت بغیر حفاظتی آلات سر کرلی
امریکی کوہ پیما الیکس ہونولڈ نے بغیر کسی رسی، ہارنس یا حفاظتی آلات کے تائیوان کی ایک فلک بوس عمارت کامیابی سے سر کر لی ہے۔
تائپے 101 نامی اس عمارت کا نام اس کی 101 منزلوں کی وجہ سے رکھا گیا ہے۔ اس کی اونچائی 508 میٹر (1667 فٹ) ہے اور یہ اسٹیل، شیشے اور کنکریٹ سے تعمیر کی گئی ہے۔ اس کا ڈیزائن بانس کی لکڑی سے مشابہ ہے۔
الیکس ہونولڈ بغیر رسی یا حفاظتی سامان کے ایل کیپیٹن کو سر کرنے والے پہلے شخص تھے۔ یہ 915 میٹر (3000 فٹ) بلند گرینائٹ چٹان امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے یوسمائٹ نیشنل پارک میں واقع ہے۔
یہ کوشش اصل میں ہفتے کے روز ہونا تھی، مگر خراب اور نم موسم کی وجہ سے اس کوشش کو ملتوی کر دیاگیا۔ تائیوان کے دارالحکومت میں ان کی یہ مہم نیٹ فلکس پر براہِ راست نشر کی گئی، تاہم نیٹ فلکس نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں لائیو نشریات میں تاخیر رکھی گئی تھی۔
نیٹ فلکس کے ایگزیکٹو جیف گیسپن نے ایونٹ سے قبل ویرائٹی میگزین کو بتایا اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو نشریات بند کر دی جائے گی۔
ALEX HONNOLD AFTER COMPLETING HIS FREE SOLO OF TAIPEI 101: "Sick."
The 101 story climb took 1 hour and 35 minutes #SkyscraperLIVE pic.twitter.com/TIzeRqiUcM— Netflix (@netflix) January 25, 2026
ہونولڈ نے یہ خطرناک چڑھائی اتوار کے روز ایک گھنٹہ اور 31 منٹ میں مکمل کی اور اپنی کامیابی کو زبردست قرار دیا۔
ان کا وقت اس عمارت پر چڑھنے والے واحد دوسرے شخص کے ریکارڈ سے نصف سے بھی کم ہے۔
فرانسیسی کوہ پیما ایلین رابرٹ (جو خود کو ’اسپائیڈر مین‘ کہتے تھے) نے چار گھنٹے میں تائپے 101 کی چوٹی تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس وقت یہ دنیا کی بلند ترین عمارت تھی، اور انہوں نے رسی اور ہارنس کا استعمال کیا تھا۔