لاہور: کمسن بچی پر شیر کا حملہ، 6 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ
کمسن بچی پر شیر کے حملے سے متعلق کیس میں عدالت نے 6 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے کیس پر سماعت کی، پولیس کی جانب سے 6 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے، ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ چار روز قبل 22 جنوری کو لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن بھیکھے وال کچی آبادی میں پالتو شیرنی کے حملے سے آٹھ سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق شیرنی کے حملے کے نتیجے میں بچی کے سر، کان اور ٹانگ پر شدید زخم آئے تھے جسے فوری طور پر شیخ زید اسپتال لاہور منتقل کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان بلاول اور شجاعت پالتو شیرنی کو رکشے سے اتار رہے تھے کہ اسی دوران شیرنی نے اچانک کمسن بچی پر حملہ کردیا۔ واقعے کے بعد ملزمان شیرنی کو لے کر موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
بعد ازاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر شیر نواں کوٹ کے علاقے میں ایک فیکٹری پر کارروائی کرتے ہوئے 11 غیر قانونی شیر تحویل میں لیکر ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ ان شیروں میں 5 شیرنیاں، 3 شیر اور 3 شیر کے بچے شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق فیکٹری کے گراؤنڈ فلور پر ایمبرائیڈری کا کام جاری تھا اور فرسٹ فلور پر شیر رکھے گئے تھے۔