مری، بٹگرام، چنار کوٹ اور بٹل ایریا میں برفانی طوفان کی پیشگوئی کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔
ٹریول ایڈوائزری کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روز مری سمیت بٹگرام، چنارکوٹ اور بٹل ایریا میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔
موٹروے پولیس نے بٹگرام، بٹل چنار کوٹ اور اچھڑیاں ایریا میں ہیوی مشینری کے ساتھ اضافی نفری تعینات کر دی ہے، عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھیں۔
ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اضافی فیول، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ساتھ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔
سفر شروع کرنے سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحال اور روڈ کنڈیشن موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس@NHMP سے حاصل کی جا سکتی ہے۔
اسی طرح، آج شام سے کل شام تک مری میں شدید برفباری کا امکان ہے، سیاح اور شہری رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں، مری میں درجہ حرارت گرنے سے سڑکوں پر برف کی شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق برف والی سڑک پر گاڑی کے بریک کام نہیں کرتے، رات کا سفر خطرناک ہو سکتا ہے، اندھیرے اور دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، ٹائروں پر ’’اسنوچین‘‘ کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔