روسی حملوں کے بعد کیف میں توانائی بحران، شدید سردی میں ہزاروں عمارتیں بجلی سے محروم
کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روسی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد اب بھی 1,330 رہائشی عمارتیں حرارت (ہیٹنگ) سے محروم ہیں۔
کیف کے میئر وٹالی کلچکو نے بتایا کہ بجلی اور گیس کے نظام کو شدید نقصان پہنچا، تاہم مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔
میئر کے مطابق ہفتے کی شام تک شہر کی 3,200 سے زائد عمارتوں میں حرارت بحال نہیں ہو سکی تھی، لیکن توانائی کمپنیوں اور یوٹیلیٹی ورکرز کی کوششوں سے تقریباً 2,000 عمارتوں میں حرارت بحال کر دی گئی ہے، جبکہ باقی عمارتوں پر کام جاری ہے۔
روسی حملوں میں حالیہ دنوں کے دوران یوکرین کے توانائی نظام کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث شدید سردی کے موسم میں ملک بھر میں لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے حملوں کا مرکزی ہدف توانائی کا شعبہ، اہم انفراسٹرکچر اور رہائشی علاقے ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق صرف ایک ہفتے میں روس نے ہزاروں ڈرونز، درجنوں میزائل اور سینکڑوں فضائی بم داغے، جس سے شہری زندگی شدید متاثر ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور حرارت کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔