بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج، دیر میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مسافر پھنس گئے

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کی گئی

حالیہ مغربی سسٹم کے تحت ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا جبکہ شدید سردی سے درجہ حرارت مزید گر گیا۔

دیر بالا کے مقام گوالدی میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گاڑیاں مسافروں سمیت پھنس گئیں، وام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومتی مشینری غائب ہوگئی۔

دیر بالا شرینگل فارسٹ کالونی کے مقام پر فیلڈر گاڑی برفباری میں پھسل کر کھائی میں جا گری جس کے سبب 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خیبر پختون خوا کے میدانی علاقوں میں بھی کل رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں و پہاڑوں پر موسم سرما کی برفباری کا تیسرا اسپیل جاری ہے۔

لواری ٹنل روڈ پر برفباری کے دوران بھی سنو کلیئرنس سے ٹریفک حسب معمول جاری ہے۔ انتظامیہ کی طرف سے لواری ٹنل ایریا میں گاڑیوں کو سنو چین کے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چترال میں برفباری سے سردی مزید بڑھ گئی جبکہ لوگوں کو تاپنے کے لیے جلانے کی لکڑی کی مانگ بڑھ گئی جس کے باعث لکڑی کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ چترال میں لکڑی فروخت کرنے والے منہ مانگی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

لوئر دیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں پر شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی بن شاہی، لاجبوک، عشیرئی، درہ طور، منگ درہ، لڑم سمیت دیگر بالائی علاقوں پر کئی فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔ برف باری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند پڑی ہیں۔

چترال کے بالائی علاقوں کی سڑکیں برف باری کی وجہ سے بند پڑی ہیں، ۔سڑکوں کی بندش سے شہری گھروں میں محصور ہوگئے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

برف باری کی وجہ سے دیر لوئر، اپر دیر اور چترال کے مختلف علاقوں میں بجلی کی کھمبے گر گئے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔ دیر لوئر میں بارش و برف باری کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی اور بازاروں میں رش نہ ہونے کے برابر ہے۔

ادھر، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج موسم ابر آلود رہنے، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، چکوال، اٹک، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ شیخوپورہ، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت گرد و نواح میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر تیز بارش ہو سکتی ہے۔

مری، گلیات اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مری میں گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 6 سے 7 انچ تک برف ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔ برفباری کے باعث مری اور ملحقہ علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ 28 جنوری کو ملک کے بیشتر حصوں میں سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد موسم رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران ہلکی سے درمیانی دھند کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق کنٹرول روم میں موسم کی صورتحال پر مسلسل نگرانی جاری ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو مری اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

Load Next Story