پاک بحریہ نے 14ویں مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی کمان سنبھال لی

کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی

فوٹو: فائل

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) نیوی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے 14ویں بار کثیرالقومی کمبائنڈ ٹائم ٹاسک فورس (سی ٹی ایف-150) کی کمان سنبھال لی۔

اعلامیے کے مطابق کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب بحرین میں واقع کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، پاک بحریہ کے کموڈور محمد یاسر طاہر نے رائل سعودی نیول فورسز(آر ایس این ایف) کے کموڈور فہد ایس الجوید سے کمان لی۔

نئے کمانڈر سی ٹی ایف-150کموڈور محمد یاسر طاہر نے  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ان کی ٹیم خطے میں بحری تحفظ اور استحکام کے لیے اس اہم ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے بحری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے اور اہم سمندری گزرگاہوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔ 

کمبائنڈ ٹاسک فورس (سی ٹی ایف-150) کمبائنڈ میری ٹائم فورسز(سی ایم ایف) کے تحت کام کرنے والی پانچ ٹاسک فورسز میں سے ایک ہے، اس کا مشن بحر ہند، بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں ہتھیاروں، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان کی اسمگلنگ میں ملوث غیر ریاستی عناصر کو روکنا  ہے۔

رائل سعودی نیول فورسز کی کمان کے دوران سی ٹی ایف 150 کے تحت پاک بحریہ کے جہازوں کی جانب سے انسداد منشیات کے کامیاب آپریشنز مشترکہ بحری کوششوں کے ذریعے علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

کمان کی تبدیلی کی تقریب میں بحرین میں پاکستان کے سفیر ثاقب رؤف، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز وائس ایڈمرل کرٹ اے رینشا، کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم ال بن علی اور کمبائنڈ ٹاسک فورسز  کے ساتھ کام کرنے والی دیگر بحری افواج کے نمائندوں نے شرکت کی۔

Load Next Story