مصنوعات کی درآمدات میں اضافے کیلئے پہلی بار ٹی سی پی میں نجی شعبے سے چئیرمین کی تقرری
پاکستان کی غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں پہلی بار ٹی سی پی میں نجی شعبے سے چئیرمین کی تقرری کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے برآمدات بڑھانے کیلئے ٹی سی پی کو عالمی سطح پر اجناس اور ادویات کی فروخت کا اہم کام سونپ دیا ہے۔
چیئرمین ٹی سی پی، عاصم صدیقی نے بتایا کہ ٹی سی پی دنیا بھر میں حکومتی سطح پر زرعی اجناس اور ادویات برآمد کرے گا۔ ٹی سی پی نے آئندہ پانچ برسوں میں 5ارب ڈالر کی زرعی و فارما برآمدات کا ہدف مقرر کرلیا ہے۔
وزارتِ تجارت اور وزارتِ خوراک کا سال 26ء میں 1.5 سے 2 ارب ڈالر کی زرعی برآمدات کے ہدف پر بھی اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان عاصم صدیقی کا کہنا تھا کہ ٹی سی پی پہلی بار ایک انٹرنیشنل ٹریڈنگ کمپنی کی طرز پر کام کرے گا۔ چینی، گندم، چاول اور یوریا کی قیمتوں کے تعین میں ٹی سی پی اب کوئی کردار ادا نہیں کرے گا۔
چینی کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے فیصلے پر غور کیا جارہا ہے۔ فلپائن کی حکومت کو لاکھوں ٹن پاکستانی چاول برآمد کرنے کا سرکاری پلان شیئر کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں روسی حکومت نے بھی پاکستانی اجناس کی خریداری کیلئے ٹی سی پی سے رابطہ کرلیا ہے۔ پاکستان سے اجناس اور ادویات کی برآمدات کیلئے مختلف ممالک کےساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ معاہدے کیے جائیں گے۔