کے پی میں منفرد نمبر پلیٹ خریدنے والے شہری کی ڈی جی ایکسائز سے ملاقات
کے پی میں منفرد نمبر پلیٹ ’وزیر-ون‘ کی نیلامی جیتنے والے شہری کی ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان سے ملاقات ہوئی جس میں عبدالحلیم خان نے شہری کو خوس آمدید کہا۔
محکمہ ایکسائزو ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا کی جانب سے 27 جنوری 2026 کو منعقدہ “من پسند نمبر پلیٹس” کی نیلامی میں ریکارڈ ساز قیمت ڈیڑھ کروڑ (1.5 کروڑ) روپے میں منفرد نمبر پلیٹ “وزیر ون (Wazir-1)” خریدنے والے شہری حاجی رحمان وزیر نے پشاور کا دورہ کرکے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عبدالحلیم خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
حاجی رحمان کا تعلق بنوں (ڈومیل، احمدزئی) کے علاقے سے ہے جو دبئی کے ایک معروف بزنس مین ہیں اور وہاں پر متعدد کاروباری اداروں کے مالک ہیں۔
ملاقات کے موقع پر ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان نے حاجی رحمان وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ “وزیر ون” نمبر پلیٹ کا اس قدر بڑی مالیت میں حصول اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ محکمہ ایکسائز کے شفاف، قواعد و ضوابط کے مطابق اور ڈیجیٹل نیلامی نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
ڈی جی ایکسائز عبدالحلیم خان نے کہا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ شہریوں کو من پسند نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے ایسا نظام فراہم کیا جائے جو مکمل طور پر شفاف، آسان اور قابلِ اعتماد ہو۔
انھوں نے کہا کہ یہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی قیادت میں صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول سید فخرجہان کے ہدایات ہیں کہ عوام کی خدمت میں کوئی کثر باقی نہ رہے اور انھیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ کی یہ ریکارڈ نیلامی شہریوں کے اعتماد کا عملی اظہار ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے مزید کہا کہ یہ نیلامیاں نہ صرف خزانے میں ریونیو اضافہ کا مؤثر ذریعہ ہیں بلکہ گاڑیوں کے شوقین افراد کو قانونی، باقاعدہ اور محفوظ طریقے سے اپنی پسند کی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتی ہیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ محکمہ ایکسائز کی جانب سے ‘من پسند نمبر پلیٹس’ کی نیلامی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی باقاعدگی کے ساتھ جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور شفافیت کا یہ نظام مزید مضبوط ہو۔