خیبر پختونخوا، پنجاب میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، الرٹ جاری
خیبرپختونخوا میں ہفتے سے منگل تک موسم ابرآلود، ہلکی بارش اور بالائی اضلاع میں مزید برفباری کی پیشگوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے 3 فروری تک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، چترال (اپ و لوئر)، دیر اپر و لوئر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اپر و لوئر اور کولائی پالس میں بارش اور پہاڈوں پر برفباری کا امکان ہے۔
صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔
بالائی علاقوں میں چند مقامات پر برفباری متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے جبکہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ہے۔
پنجاب
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش بارے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق یکم سے 3 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ سسٹم کے تحت مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری اور بارش ہوگی۔ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے، مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔
مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔ سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سینٹرز قائم ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں، عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال ہے عوام کسی بھی معلومات اور آگاہی کے لئے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔