پنجاب اسمبلی: اقلیتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کیلئے قرارداد جمع

اقلیتوں کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے جداگانہ انتخاب یا دوہرے ووٹ کا حق دیا جائے، قرارداد میں مطالبہ

فوٹو: فائل

لاہور:

پنجاب اسمبلی میں اقلیتیوں کو اپنے نمائندگان براہ راست منتخب کرنے کیلئے قرارداد جمع کرادی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی ارکان آئندہ عام انتخابات میں اپنے نمائندے مخصوص نشستوں کے بجائے براہ راست منتخب کروانے کیلئے قانون سازی پر متحد ہوگئے ہیں۔ ارکان اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کیلئے جداگانہ انتخاب یا دوہرے ووٹ کا حق دیا جائے۔

حکومتی چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اقلیتی امور کرسٹوفر فیلبوس نے پنجاب اسمبلی میں اقلیتیوں کے انتخابات کیلئے قرارداد جمع کرادی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقلیتی ارکان اسمبلی کو مخصوص نشستوں کے بجائے براہ راست انتخابات کے ذریعے منتخب کیا جائے۔

اقلیتی ارکان کا موقف ہے کہ مخصوص نشستوں سے انتخاب کے باعث ارکان اسمبلی اپنا سیاسی کردار ادا نہیں کرسکتے، ملک میں چھبیسویں اور ستائیسویں جیسی اہم ترامیم منظور کی گئیں لیکن مخصوص نشست پر ہونے کے باعث کسی اقلیتی رکن سے مشورہ نہیں کیا گیا۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی تمام اقلیتیوں کو جداگانہ یا دوہرے ووٹ کا حق دیا جائے تاکہ اقلیتیں اپنے حقیقی نمائندے منتخب کرسکیں، حکومتی چیئرمین کی جانب سے جمع کروائی گئی قرارداد پر ایوان میں تمام ارکان اسمبلی متحد ہوگئے۔

Load Next Story