یوٹیوب نے اے آئی سے بنائے متعدد چینلز ڈیلیٹ کر دیے
2026 کے آغاز پر گوگل کی ملکیت یوٹیوب نے اے آئی سے بنے ناقص کوالٹی کی ویڈیوز (AI Slops) کے 4.7 ارب سے زائد ویوز ڈیلیٹ کر دیں۔
نومبر 2025 میں آن لائن ویڈیو ایڈٹنگ پلیٹ فارم Kapwing کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ میں یوٹیوب کے سب سے زیادہ سبسکرائب کیے گئے 100 اے آئی سلوپ چینلز کی نشاندہی کی گئی تھی۔
پلیٹ فارم کی تازہ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 16 چینلز اب یوٹیوب سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ جن میں CuentosFacianantes (جو کم معیار کی ڈریگن بال تھیم ویڈیوز بناتا تھا)، Imperiodejesus (ایمپائر آف جیزس) اور Super Cat League شامل ہیں۔ یہ چینلز یا تو مکمل طور پر یوٹیوب سے ڈیلیٹ کر دیے گئے ہیں یا ان کا سارا مواد مٹا دیا گیا ہے۔
یہ تمام 16 چینلز مجموعی طور پر 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رکھتے تھے، جن کے ویڈیوز کو اب تک 4.7 ارب بار دیکھا جا چکا تھا اور یہ چینلز سالانہ ایک کروڑ ڈالر تک کمائی کر رہے تھے۔
اگرچہ فہرست میں شامل کچھ بڑے اے آئی چینلز ابھی موجود ہیں، لیکن ان کا تمام مواد بھی یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔ غالب امکان ہے کہ یوٹیوب یہ کارروائی موجودہ اسپیم ڈیٹیکشن سسٹمز کے ذریعے کر رہا ہے تاکہ اے آئی سے بنائے جانے والے ان چینلز کو ختم کیا جا سکے۔