پاکستانی پنجابی ایکشن فلم بلھا کا موشن پوسٹر جاری کر دیا گیا
پاکستانی پنجابی ایکشن فلم بلھا کا موشن پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے، ٹیزر دیکھنے کے بعد شائقین سینما اور فلمی حلقوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ فلم میں پاکستان کے سپر اسٹار شان شاہد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دیگر نمایاں اداکاروں میں مونا لیزا، نعیمہ بٹ، عدنان بٹ، علی جوش، ماہم مرزا اور آصف خان شامل ہیں۔
یہ فلم تقریبا 30 سال بعد شان شاہد اور سلیم شیخ کی اسکرین پر یادگار واپسی بھی ہے جس کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے فلم کی تقسیم ایچ کے سی انٹرٹینمنٹ کے تحت کی جا رہی ہے۔
فلم کے موشن پوسٹر نے بلھا کے شاندار انداز، سنسنی خیز فضا اور بصری وسعت کی ایک جھلک پیش کی ہے۔ اسی سلسلے میں فلم کا باضابطہ ٹیزر لانچ ایونٹ لاہور کے مقامی سینما گھر میں ہوا جس میں فلم کے فنکاروں، تخلیقی ٹیم اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
فلم عیدالفطر 2026 پر ملک بھر میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ نامور ہدایتکار شعیب خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم بلھا ایک ایسے جدید دور کے ہیرو کی کہانی ہے جو ناانصافی کے خلاف کھڑا ہوتا ہے۔
فلم پنجابی ثقافت اور روحانی پس منظر میں جڑی ایک طاقتور داستان پیش کرتی ہے جس میں ایکشن کے ساتھ جذباتی گہرائی بھی شامل ہے۔ فلم ظلم، مزاحمت، حوصلے اور حق و باطل کی ازلی کشمکش کو اجاگر کرتی ہے۔ اس موقع پر ہدایتکار شعیب خان نے کہا کہ بلھا میری محبت اور محنت کا نتیجہ ہےجو عالمی سطح پر ناظرین سے جڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ فلم ظلم، مزاحمت، ایمان اور وقار جیسے آفاقی موضوعات کو پنجابی ثقافت میں سموئے ہوئے ہے۔فلم کے ہیرو شان شاہد نے کہا کہ فلم محض ایک فلم نہیں بلکہ ایک آواز ہے۔ یہ وہ سینما ہے جس کی آج ہمیں ضرورت ہے، یہ فلم ہماری ثقافت اور ایمان کی طاقت کو یاد دلاتی ہے اور دیر تک ناظرین کے دل و دماغ پر اثر چھوڑتی ہے۔
فلم کے پروڈیوسر مسٹر وہورا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلھا پنجابی سینما کی تجارتی صلاحیت اور ثقافتی طاقت کا ثبوت ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم نہ صرف ناظرین کو متاثر کرے گی بلکہ معیاری اور مقامی ثقافت سے جڑی فلم سازی کے ایک نئے دور کی بنیاد بھی رکھے گی، جو پاکستانی سینما کے مستقبل کو مضبوط بنائے گی۔
فلم کی کہانی معروف اور لیجنڈری مصنف ناصر ادیب نے تحریر کی ہے جن کی تحریری خدمات جنوبی ایشیائی سینما کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔