لاہور، پتنگ سیزن کا آغاز ہوتے ہی ایک گھنٹے میں بازار بند کیوں ہوا؟
لاہور میں پتنگ بازی کے سیزن سے قبل پتنگوں اور ڈور کی خریداری کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے باعث اندرون موچی گیٹ میں شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ رش اس قدر بڑھ گیا کہ دکانداروں نے ایک گھنٹہ گزرنے کے بعد ہی دکانیں بند کر دیں۔
شہریوں نے ڈور اور گُڈی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ خریداروں کے مطابق ایک تاوا گُڈا 250 سے 300 روپے میں فروخت ہوا، جبکہ ڈیڑھ تاوا گُڈا 450 سے 500 روپے میں دستیاب رہا۔
اسی طرح مہنگی ڈور کی قیمتوں نے بھی شہریوں کو پریشان کر دیا، جہاں ایک پیس کا پناہ 4 ہزار روپے جبکہ ڈیڑھ پیس کا پناہ 6 ہزار روپے میں فروخت ہونے لگا۔
دکانداروں کے مطابق رش اور ممکنہ کارروائی کے خدشے کے پیش نظر دکانیں بند کی گئیں، تاہم دکانیں بند ہونے کے باوجود موچی گیٹ کے مختلف علاقوں میں خریدار ڈور اور گُڈی کی تلاش میں گھومتے رہے۔