گرین شرٹس بھارت کو پچھاڑنے کیلیے مکمل تیار
گرین شرٹس بھارت کو پچھاڑنے کیلیے مکمل تیار نظر آنے لگے،انڈر 19 ورلڈ کپ میں آج روایتی حریفوں کا مقابلہ ہوگا، پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی کیلیے بڑی فتح درکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ، افغانستان اور آسٹریلیا پہلے ہی فائنل 4 کا ٹکٹ کٹوا چکے ہیں، گروپ 2 سے اب صرف ایک نشست باقی ہے، اگر بھارت پاکستان انڈر 19 ٹیم کو کسی بھی مارجن سے مات دیتا ہے تو سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
مگر گرین شرٹس کیلیے صرف فتح کافی نہیں ہوگی ، اس کے ابھی 4 پوائنٹس ہیں، رن ریٹ بھی کافی کم ہے ، بلو شرٹس 6 پوائنٹس اور مضبوط رن ریٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں، اس لیے پاکستانی ٹیم کو فائنل 4 کھیلنے کیلیے بھارت کو بہت بڑے مارجن سے مات دینا ہوگی تاکہ نہ صرف اس کے پوائنٹس بھارت کے برابر ہوجائیں بلکہ رن ریٹ میں بھی وہ روایتی حریف سے آگے نکل جائے۔
اگر ٹیم پہلے بیٹنگ کرتی ہے تو پھر اسے کم سے کم 105 رنز سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی ، اگر پاکستانی سائیڈ کو ہدف کا تعاقب کرنا پڑے تو بہت تیزی سے اسے عبور کرنا ہوگا، مثال کے طور پر اگر یہ ہدف 251 رنز ہوا تو گرین شرٹس کو سیمی فائنل کھیلنے کیلیے 29.4 یا اس سے بھی کم اوورز میں فنش لائن عبور کرنا ہوگی۔
ٹیم مینجمنٹ پرعزم ہے کہ پلیئرز اس اہم امتحان میں سرخرو ہو جائیں گے۔ دریں اثنا اہم میچ سے قبل گزشتہ روز پاکستان انڈر 19 ٹیم نے کوئنز اسپورٹس کلب ہرارے میں بھرپور پریکٹس کی،گرین شرٹس نے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں اب تک 10 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، دونوں نے 5،5 میچز جیتے، حالیہ پانچ مقابلوں میں پاکستان انڈر 19 نے بھارت کیخلاف چار فتوحات حاصل کی ہیں۔
کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ہماری تیاری بہت اچھی رہی، نیٹس میں زبردست پریکٹس کی ، کھلاڑیوں نے گزشتہ میچز میں غلطیوں سے سیکھا ہے،ٹیم کا مورال بہت بلند اور ہم عمدہ کارکردگی کیلیے پْرعزم ہیں۔
باصلاحیت بیٹر سمیر منہاس نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے ایک مشکل پچ پر سیناریو بیسڈ میچ کھیلا جس سے مشکل حالات میں کھیلنے کا تجربہ ملا، اب اسی گراؤنڈ پر پریکٹس کی جہاں میچ ہوگا، ٹیم کا ماحول بہت مثبت ہے ، ہم اچھی فارم کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔