بھکر میں پولیس مقابلہ، سی سی ڈی کے 2 افسران شدید زخمی
بھکر میں پولیس مقابلے میں سی سی ڈی کے 2 افسران شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال میں داخل کردیا گیا۔
ترجمان سی سی ڈی نے کہا کہ ڈاکٹرز سی سی ڈی افسران کی جان بچانے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے ہیں، افسران کلورکوٹ بھکر میں بد نام زمانہ ڈاکو اور قاتل افتخار عرف کھٹکی کی گرفتاری کے لئے مارے گئے چھاپے کے دوران زخمی ہوئے۔
سی سی ڈی انسپکٹر عبدالستار اور ایس ایچ او سب انسپکٹر عثمان نے مفرور اشتہاری کی گرفتاری کے لیے انکی کمین گاہ پر ریڈ کیا، ریڈنگ ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے جدید اور اٹومیٹک ہتھیاروں سے سی سی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کی زد میں آ کر ایس ایچ او بھکر انسپکٹر عثمان اور سرکل افیسر انسپکٹر عبدالستار شدید زخمی ہو گئے، شہریوں کی بڑی تعداد خون کا عطیہ دینے ہسپتال پہنچ چکی ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق سی سی ڈی افسران و جوانوں بھی خون کا عطیہ دینے کے لیے ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں موجود ہیں، سی سی ڈی کی دیگر ٹیمیں مفرور ملزمان کا مسلسل تعاقب کر رہی ہیں۔
قانون شکن و خطرناک مجرمان کی سرکوبی کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، مفرور ملزمان کو ہر قیمت پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔