صدر عالمی بینک آج ایک روزہ دورے پر خوشاب پہنچیں گے، فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل
صدر عالمی بینک اجے پال سنگھ بانگا آج ایک روزہ دورے پر خوشاب پہنچیں گے۔ دورے کے دوران انہیں ان کے آباؤ اجداد کے سابقہ گھروں کا وزٹ بھی کروایا جائے گا، جبکہ آبائی گھر اور ملحقہ گردوارے کی تزئین و آرائش کا کام آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
صدر عالمی بینک کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جن میں صفائی، سجاوٹ اور روٹس کی بہتری شامل ہے۔
سکیورٹی کے حوالے سے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس خوشاب کی جانب سے تمام سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے مختلف روٹس کا خود جائزہ لیا۔ صدر عالمی بینک کی آمد کے موقع پر تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق ریلوے گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے لیے خصوصی ہیلی پیڈ قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم روٹس اور حساس مقامات پر سخت نگرانی کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی نگرانی میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ مہمانِ خصوصی کے دورے کو محفوظ اور یادگار بنایا جا سکے۔