پاکستان میں فٹبال ٹیلنٹ کی کمی نہیں، جدید تربیت کی ضرورت ہے: ہیڈ کوچ

مستقبل میں مقامی سطح سے اچھے فٹبالرز کو سامنے لانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، ہیڈ کوچ نولنرٹو سولانو

پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولنرٹو سولانو نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کی جائے تو پاکستان عالمی فٹبال میں نمایاں حیثیت حاصل کر سکتا ہے۔

بدھ سے کراچی میں شروع ہونے والے 31ویں قومی چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی اہلیت کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے، مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بہتر کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے ایسے مقابلے ضروری ہیں۔

انہوں نے اس امر کا اظہار منگل کو  ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،پیرو سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ سولانو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے گراس روٹ پر تسلسل کے ساتھ مقابلوں کا انعقاد ضروری ہے، فٹبال کا آغاز اسکول کی سطح ہی سے ہونا چاہیے۔

قومی فٹبال ٹیم میں شامل غیر ملکی نثراد کھلاڑی بہت باصلاحیت اور تجربے کار ہیں،مستقبل میں مقامی سطح سے اچھے فٹبالرز کو سامنے لانے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا، پاکستان کو فٹبال میں ترقی کے لیے بھرپور اور انتھک محنت کرنی ہوگی وہ دن دور نہیں جب پاکستان فیفا کی عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

اس وقت تمام تر توجہ مارچ میں مالدیپ میں ہونے والی ساف انڈر 20 فٹبال چیمپین شپ پر ہے،قبل ازیں انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ بطور ہیڈ کوچ اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا، فیفا کی زیر نگرانی پاکستان فٹبال فیڈریشن کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔

اس موقع پر قومی فیڈریشن کے نائب صدر  حافظ ذکا نے کہا کہ قومی سطح کے ایونٹ کے انعقاد سے فٹبال کو فروغ ملے گا، 10 برس کے بعد فیڈریشن کے انعقاد سے قومی فٹبال کی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی، فیفا کے ساتھ مل کر ملک میں فٹبال کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔

صوبائی صدر اعظم خان نے کہا کہ سندھ کو قومی چیلنج کپ کی میزبانی ملنا خوش آئند ہے،کے پی ٹی اور کے ایم سی اسٹیڈیم پر بیک وقت شروع ہونے والے قومی  چیلنج کپ میں  شریک  دفاعی چیمپین پاکستان واپڈا سمیت12 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،راؤنڈ مقابلوں کے بعد ہر گروپ سےٹاپ دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں شرکت کریں گی۔

Load Next Story