9 ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب

مقابلوں کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو بڑھانا تھا

9 ویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی، مقابلوں کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو بڑھانا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں 60 گھنٹے طویل پیٹرولنگ مشق کا آغاز ہوا، پاک فوج کے ایک سینئر افسر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس مقابلے میں 19 دوست ممالک کی کل 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور فوجی مبصرین حصہ لے رہی ہیں۔

شرکت کرنے والے ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، مملکت سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکی، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔

مزید برآں، انڈونیشیا، میانمار، اور تھائی لینڈ بطور مبصر شرکت کر رہے ہیں، مشق میں پاک فوج اور پاک بحریہ کی 16 ملکی ٹیمیں اور پاک فضائیہ کے مبصرین بھی حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ ایک مشن کے لئے مخصوص اور ٹاسک پر مبنی پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے، جو پاکستان میں ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔

یہ مشق جسمانی و ذہنی صحت اور فوجی مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کی متقاضی ہے، جو قریب قریب حقیقی آپریشنل ماحول میں چیلنجنگ حکمت عملی کے مشنوں کو انجام دیتے ہوئے تیزی سے فیصلہ سازی پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔

مشق کا مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے استقامت کو فروغ دینا ہے، یہ مقابلہ جدید نظریات اور بہترین طریقوں کے باہمی اشتراک کے ذریعے شریک افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بنیادی فوجی صفات کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

Load Next Story