کشمیر تنازع نہیں، دنیا کا خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، مشعال ملک کا ویڈیو پیغام

مقبوضہ کشمیر میں امن اور آزادی کی آواز کو جرم بنا دیا گیا ہے، یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام

(فوٹو: فائل)

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ویڈیو پیغام میں  کشمیر کی موجودہ صورتحال اور حریت قیادت کو درپیش خطرات پر بات کی ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ آج یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہے اور کشمیر صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ دنیا کا ایک خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حریت رہنما محمد یاسین ملک اس وقت ڈیتھ سیل میں قید ہیں ۔ مودی سرکار انہیں پھانسی پر چڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کسی ایک خاندان تک محدود نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش ہے، جہاں امن اور آزادی کی آواز کو جرم بنا دیا گیا ہے۔

مشعال ملک نے سوال اٹھایا کہ کیا ظلم کے سائے میں امن ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھنا پوری کشمیری قوم کو سزا دینے کے مترادف ہے ۔ مودی سرکار کشمیری قیادت کو پھانسی دے کر آواز دبانا چاہتی ہے۔

ویڈیو پیغام میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ امن اور آزادی کا مطالبہ کرنا کشمیریوں کے لیے جرم بن چکا ہے۔ دنیا خاموش ہے اور کشمیر میں دہشت گردی کھلے عام ہو رہی ہے۔ ہر آنسو پر پابندی اور ہر دھڑکن پر خوف مسلط ہے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہ کیسا انصاف ہے۔

Load Next Story