لاہور کی فضا میں بہار، ہر چھت پر جشن، بسنت فیسٹیول کا دھوم دار آغاز

اڑتی اور کٹتی پتنگوں کو دیکھنے کے لیے منچلے سڑکوں پر نکل آئے

لاہور:

لاہور ایک بار پھر بسنت کے جادو میں ڈوب گیا رات ٹھیک بارہ بجتے ہی تین روزہ بسنت فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز ہوا اور شہر کے آسمان پر ستاروں کی جگہ رنگ برنگی پتنگوں نے ڈیرے ڈال لیے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے دہلی گیٹ کی چھت پر پتنگ اُڑا کر جشن بسنت کا افتتاح کیا، جس کے ساتھ ہی چھتوں پر قہقہے، ڈھول کی تھاپ اور بوکاٹا کے نعرے گونجنے لگے۔

لاہور کی فضا خوشی اور رنگوں سے بھر گئی۔ نوجوان چھتوں سے پتنگیں اُڑاتے رہے جبکہ اڑتی اور کٹتی پتنگوں کو دیکھنے کے لیے منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔

شہر کی گلیاں اور سڑکیں پتنگوں سے سجی دکھائی دیں جبکہ مہنگائی کے باوجود پتنگ اور ڈور کی مانگ عروج پر رہی اور کئی علاقوں میں نایاب ہو گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے لبرٹی چوک کا دورہ کیا شہریوں سے ملاقات کی اور موٹر سائیکل سواروں کو حفاظتی راڈ لگانے کی ہدایت کی۔

شہریوں نے بسنت کی بحالی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

ادھر مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ذیشان ملک اندرونِ شہر پہنچے جہاں انہوں نے لیگی کارکنوں کے ہمراہ پتنگ اُڑا کر جشن کا آغاز کیا۔ ان کی آمد پر کارکنوں نے پُرجوش نعرے لگائے جبکہ ذیشان ملک نے بھی روایتی بوکاٹا کے نعروں کے ساتھ جشنِ بہاراں کو بھرپور انداز میں انجوائے کیا۔

اندرونِ شہر کی چھتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور مہمانوں کے لیے خصوصی پکوانوں کا اہتمام کیا گیا، جس سے بسنت کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں۔

متعلقہ

Load Next Story