خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے 24 دہشتگرد ہلاک
فوٹو فائل
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کی گئی 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 4 اور 5 فروری کو خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خیبر میں کیا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے دوران مزید 10 خوارج کو مؤثر طریقے سے ہلاک کر دیا گیا۔
علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور شدہ حکمت عملی ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
محسن نقوی نے 24 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔