ٹی 20 ورلڈ کپ، پاک بھارت میچ سے متعلق اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیشرفت کا امکان

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ اور آئی سی سی وفد کی لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات جاری ہے

لاہور:

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق اگلے چند گھنٹوں میں بڑی پیش رفت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین الاسلام آئی سی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں جبکہ آئی سی سی کا مصالحتی وفد بھی پاکستان پہنچ گیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آئی سی سی وفد کا استقبال کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور آئی سی سی وفد میں پاکستان بھارت میچ پر بات چیت ہوگی، آئی سی سی نے ڈپٹی چئیرمین عمران خواجہ کو پاکستان بھارت میچ کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔

آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ بھی قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں جہاں پی سی بی اور آئی سی سی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے لاہور میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی اور ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت میں نہ کھیلنے کے معاملے پر بنگلادیش کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد امین الاسلام شام کے وقت ڈھاکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی جسے بھارت نواز آئی سی سی نے مسترد کرکے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے ہی باہر کردیا اور اُس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا تھا۔

اس فیصلے کیخلاف پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور بطور احتجاج 15 فروری کو بھارت کے ساتھ ہونے والے گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

Load Next Story