9 فروری: محمد افضل گورو کا یومِ شہادت، کشمیری عوام کی دعائیہ تقریبات اور احتجاج
مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب آج تحریکِ آزادی کشمیر کے رہنما محمد افضل گورو کا یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر کشمیری عوام ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی تھی۔ ان پر بھارتی پارلیمنٹ حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم کشمیری قیادت اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان کے ٹرائل کو متنازع قرار دیا اور اسے شفاف عدالتی تقاضوں کے منافی بتایا۔
رپورٹس کے مطابق افضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد ان کی میت اہلِ خانہ کے حوالے نہیں کی گئی اور انہیں تہاڑ جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا گیا، جس پر انسانی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی کے الزامات بھی سامنے آئے۔