مغربی سسٹم ملک میں داخل، کراچی میں بارش کا کتنا امکان؟
ملک کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کرنے والا مغربی سسٹم شمالی حصوں کی طرف بڑھا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق مغربی لہر ملک کے مغربی حصوں کو متاثر کر رہی ہے۔
نئے مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کے اثرات کراچی پر غیر معمولی طور پر نمودار نہیں ہوں گے تاہم موجودہ درجہ حرارت میں کبھی کبھار ایک تا دو ڈگری کمی ہو سکتی ہے۔
کراچی میں رواں اور اگلے ماہ سردی کا کوئی نیا سلسلہ متوقع نہیں ہے جبکہ اگلے ایک تا ڈیڑھ ماہ دن میں حدت اور صبح و رات میں خنکی محسوس کی جا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے مہینے میں بھی کراچی کا موسم حالیہ طرز پر ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
کراچی میں منگل کو موسم ابرآلود جبکہ صبح کے وقت دھند چھانے کا امکان ہے۔
شہر میں اگلے 2 روز کے دوران کم سے کم پارہ 17 اور زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری ریکارڈ ہو سکتا ہے جبکہ شمال مشرقی اور جنوب مغربی (سمندری) ہوائیں چل سکتی ہیں۔
صوبے کے بیشتر علاقوں میں سرد رات کے ساتھ موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔