’ٹو مچ‘ گانے کے مشہور برطانوی گلوکار نے لائیو اسٹریم کے دوران اسلام قبول کرلیا
مشہور برطانوی ریپر اور گلوکار سینٹرل سی نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گلوکار نے ایک لائیو اسٹریمنگ کے دوران کلمہ شہادت پڑھ کر مسلمان ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ انہوں نے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا ہے۔
27 سالہ فنکار، جن کا اصل نام اوکلی نیل سیزر-سو ہے، نے لائیو اسٹریم میں کہا کہ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا نام اوکلی سے تبدیل کر کے عقیل رکھ لیا ہے۔ اسی موقع پر انہوں نے کلمہ شہادت ادا کیا، جس پر ان کے ساتھ موجود دوستوں نے انہیں مبارکباد دی۔
سینٹرل سی کو 2023 میں ریلیز ہونے والے مشہور گانے ’ٹو مچ‘ سے عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ وہ اپنی منفرد موسیقی اور عام زندگی سے جڑے بولوں کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں مداح رکھتے ہیں۔